چھانگا مانگا جنگل تحصیل چونیاں ضلع قصور چھانگا مانگا جنگل کا تعارف چھانگا مانگا جنگل دنیا کا قدیم ترین مصنوعی نہری ذخیرہ ہے۔ یہ جنگل 1866 میں لگانا شروع کیا گیا اور 1890 میں مکمل ہوا۔ اس کا رقبہ 12510 ایکڑ ہے اور یہ 40 کلومیٹر کی باؤنڈری پر مشتمل ہے۔ چھانگا مانگا جنگل لاہور سے 75 کلومیٹر جنوب مغرب میں، تحصیل چونیاں، ضلع قصور میں واقع ہے۔ یہ جنگل چھانگا اور مانگا نامی دو ڈاکو بھائیوں سے منسوب ہے۔ جنگل کی اہمیت اور مقاصد چھانگا مانگا جنگل کا قیام ریلوے کے بھاپ سے چلنے والے انجنوں کے لیے ایندھن فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ ابتدا میں یہاں شیشم کے درخت لگائے گئے، بعد میں شہتوت کے درخت بھی شامل کیے گئے۔ شیشم کی لکڑی سے اعلیٰ درجے کا فرنیچر، تعمیراتی سامان اور پلائی بنتی ہے جبکہ شہتوت کی لکڑی سے کھیلوں کا سامان اور اس کے پتوں سے ریشم سازی کی جاتی ہے۔ اب چھانگا مانگا جنگل میں شیشم، شہتوت کے علاوہ پاپلر، اریٹیا، تن، سفیدہ، آسٹریلین کیکر، دھریک، جامن، سکھ چین، ولو، ارجن، گلکین، مہانگی، بسچوفیا، کمہار، ساگوان اور پلونیا کے درخت موجود ہیں۔ ...