چھانگا مانگا جنگل کا تعارف
چھانگا مانگا جنگل دنیا کا قدیم ترین مصنوعی نہری ذخیرہ ہے۔ یہ جنگل 1866 میں لگانا شروع کیا گیا اور 1890 میں مکمل ہوا۔ اس کا رقبہ 12510 ایکڑ ہے اور یہ 40 کلومیٹر کی باؤنڈری پر مشتمل ہے۔
چھانگا مانگا جنگل لاہور سے 75 کلومیٹر جنوب مغرب میں، تحصیل چونیاں، ضلع قصور میں واقع ہے۔ یہ جنگل چھانگا اور مانگا نامی دو ڈاکو بھائیوں سے منسوب ہے۔
جنگل کی اہمیت اور مقاصد
چھانگا مانگا جنگل کا قیام ریلوے کے بھاپ سے چلنے والے انجنوں کے لیے ایندھن فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ ابتدا میں یہاں شیشم کے درخت لگائے گئے، بعد میں شہتوت کے درخت بھی شامل کیے گئے۔ شیشم کی لکڑی سے اعلیٰ درجے کا فرنیچر، تعمیراتی سامان اور پلائی بنتی ہے جبکہ شہتوت کی لکڑی سے کھیلوں کا سامان اور اس کے پتوں سے ریشم سازی کی جاتی ہے۔
اب چھانگا مانگا جنگل میں شیشم، شہتوت کے علاوہ پاپلر، اریٹیا، تن، سفیدہ، آسٹریلین کیکر، دھریک، جامن، سکھ چین، ولو، ارجن، گلکین، مہانگی، بسچوفیا، کمہار، ساگوان اور پلونیا کے درخت موجود ہیں۔
جنگل کی 40 کلومیٹر باؤنڈری کے ساتھ 20 فٹ چوڑی کچی سڑک بنا کر دونوں اطراف میں خوبصورت شجر کاری بھی کی گئی ہے۔ چھانگا مانگا جنگل کو ایم بی ایل سے 18 مختلف موگہ جات سے سیراب کیا جاتا ہے۔
اس جنگل میں مختلف طرح کے پرندے اور جانور موجود ہیں۔
فارسٹ پارک چھانگا مانگا
جنگل کے اندر 1963 میں 153 ایکڑ پر مشتمل خوبصورت فارسٹ پارک بنایا گیا ہے۔ یہ پارک قصور اور دیگر علاقہ جات سے آئے ہوئے افراد کے لیے تفریح کا بہترین مقام ہے۔
اس پارک میں درج ذیل پوائنٹس اور تفریح کے مواقع موجود ہیں۔
خوبصورت مہتابی جھیل:
اس پارک میں ایک خوبصورت جھیل موجود ہے جس کے اوپر لکڑی کا ایک پل موجود ہے جو اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ اس جھیل میں boating کی سہولت بھی موجود ہے۔ سائیکل کشتی اور انجن کشتی سے بھی عوام لطف اندوز ہو سکتی ہے۔
جھیل چھانگا مانگا پارک قصور |
جھولے:
اس پارک میں بچوں کے لیے مختلف طرح کے جھولے موجود ہیں جن میں کشتی رانی، جھولا پل،مہتاب پل (پگوڈا) وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
مزید فارسیٹ پارک چھانگا مانگا میں ایک پرکشش کیفے ٹیریا بھی موجود ہے جہاں آپ کو کھانا، فاسٹ فوڈ ، پھل اور جوس وغیرہ مل سکتے ہیں۔اس کے علاوہ پارک میں بچوں کے لیے پلے لینڈ بھی موجود ہے۔سائیکلنگ کے لیے سائیکلنگ ٹریک موجود ہے اور کھیلوں کے گراونڈ بھی موجود ہیں۔
سیاحوں کے لطف اندوز ہونے کے لیے بھاپ سے چلنے والی ٹرام بھی موجود ہے، جو پہلے لکڑی کی ڈھلائی کے لیے استعمال ہوتی تھی لیکن اب سیاحوں کو جنگل کی سیر کرواتی ہے۔
انجن |
فاریسٹ پارک چھانگا مانگا میں ایک چڑیا گھر Zoo بھی موجود ہے جس میں مختلف طرح کے جانور مثلاً ہرن، بارہ سنگھا، نیل گائے کے ساتھ ساتھ مختلف طرح کے نایاب پرندے بھی موجود ہیں۔
ریسٹ ہاؤسز
ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے محکمہ جنگلات پنجاب نے دو ریسٹ ہاؤس اور محکمہ سیر و سیاحت پنجاب نے ایک ریسٹ ہاؤس کا انتظام کیا ہوا ہے۔ ریسٹ ہاوس میں اہم مہمانوں کے لیے بہترین رہائشی سہولیات موجود ہیں جن میں کچن، اٹیچ باتھ، لان وغیرہ کی سہولیات موجود ہیں۔
جنگلی حیات کی افزائش نسل
جھیل کے قریب جنگلی حیات کی افزائش نسل کے لیے بریڈنگ سینٹر بنایا گیا ہے، جس میں ہرن، نیل گائے، بندر، مور سمیت دیگر اقسام کے جانور اور پرندے پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جنگل کے اندر دیگر مختلف انواع کے جانور اور پرندے بھی موجود ہیں، جیسے کہ پاڑہ ہرن، تیتر، خرگوش، جنگلی سٹور، اور گیڈر۔
چھانگا مانگا جنگل میں ناپید ہونے والی گدھ (GYPS AFRICANUS) کی افزائش نسل کے لیے وولچر سینٹر بھی بنایا گیا ہے، جو سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے۔
چھانگا مانگا جنگل، اپنی قدیم تاریخ، متنوع جنگلاتی وسائل، اور تفریحی مقامات کے ساتھ، نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایک اہم سیاحتی مقام ہے۔